نیوکراچی میں چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے واٹر بورڈ کا ملازم جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق بظاہر ٹارگٹڈ کلنگ کی گئی، سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ جاں بحق شہزاد نیوکراچی یوسی8 کےجوائنٹ انچارج تھے۔
ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کی کارکنان پر اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے عالم پرائڈ کے قریب بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہزاد شدید زخمی ہوگیا، زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، پولیس نے بتایا کہ مقتول شہزاد واٹر بورڈ میں ملازمت کرتا تھا اور چار بچوں کا باپ تھا۔
واقعے کے بعد پولیس اور کرائم انٹیلی جنس یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ موقع سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی بھی سول اسپتال پہنچ گئے اور واقعہ سے متعلق لواحقین سے معلومات حاصل کیں۔
دوسری جانب ترجمان ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقتول شہزاد نیو کراچی یوسی 8 کے جوائنٹ یوسی انچارج تھے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے بیان میں وزیراعلی، وزیر داخلہ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سےدہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔









