مؤثراقدامات سے امسال سموگ میں نمایاں کمی آئی ،مریم اورنگزیب
لاہور:(نیوزڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ پنجاب حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی بدولت اس سال سموگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لاہور میں انسداد سموگ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب میں سموگ کے تدارک کی حکمت کے حوالے سے لاہور کی نجی یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی سینئروزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فضائی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ ماضی میں سموگ کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوتاتھا اور تعلیمی ادارے بندکرنے پڑتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کے اسباب دورکرنے کی جامع حکمت عملی پرعمل پیراہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صوبے میں فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی، بھٹوں میں زِگ زیگ ٹیکنالوجی کا نفاذ، گاڑیوں کی فٹنس کی سخت جانچ اور سموگ گنز کے استعمال سمیت متعدد اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اس سال سموگ میں بھی کمی آئی ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عوامی سطح پر آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماحول کے تحفظ کے لیے شہری اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اورماحول کو صاف رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔









