بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

9مئی جلائوگھیرائوکیس،ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید،شاہ محمود قریشی بری

لاہور (نیوز ڈیسک)انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جی او آر گیٹ پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا فیصلہ سنا تے ہوئے پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی ہے، جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ مختصر وقت میں سنا دیا۔ فیصلے کے وقت تمام زیرِ حراست ملزمان کمرۂ عدالت میں موجود تھے، جبکہ ان کی قانونی ٹیم بھی ہمراہ تھی۔

عدالت کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو جی او آر گیٹ پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے الزامات ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔ مقدمے کے دوران استغاثہ کی جانب سے 56 گواہان پیش کیے گئے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 21 ملزمان کے بیانات قلم بند کیے گئے۔

دورانِ سماعت عدالت نے چار ملزمان کو اشتہاری بھی قرار دیا تھا۔ اس مقدمے کا چالان تھانہ ریس کورس پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے تمام شواہد اور گواہوں کے بیانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا۔

عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جی او آر گیٹ توڑ پھوڑ کے مقدمے سے بری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔ فیصلے کے مطابق استغاثہ شاہ محمود قریشی کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

فیصلے کے بعد سزا یافتہ ملزمان کو دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کے وکلا نے اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ فیصلہ ملکی سیاست اور قانونی حلقوں میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔