بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کا جنوری 2026 سے مقامی گیس کے بند کنویں کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک )قطر نے اضافی ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ حکومت نے جنوری سے مقامی گیس کے بند کنویں کھولنے کا فیصلہ کر لیا ۔ درآمدی کارگوز کی منسوخی سے 201 ارب روپے کی بچت متوقع ہے جس سے سوئی گیس کمپنیوں کی مالی ضروریات پوری ہو جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق قطر نے آئندہ سال کیلئے 24 ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ پاکستان 2026 میں قطر سے 120 کے بجائے 85 ایل این جی کارگوز منگوائے گا ۔ سرپلس درآمدی ایل این جی کارگوز کو کھپانے کیلئے دو سو ایم ایم سی ایف ڈی کے مقامی کنویں بند کئے گئے تھے ۔ پاور سیکٹر میں استعمال نہ ہونے کے باعث درآمدی ایل این جی سرپلس ہو گئی تھی ۔

اضافی ایل این جی کارگوز منسوخ ہونے سے سوئی کمپنیوں کی 850 ارب روپے کی مالی ضروریات پوری ہو سکیں گی ۔ وزارت پیٹرولیم حکام کے مطابق گیس سیکٹر کے 3100 ارب روپ کے گردشی قرض سے چھٹکارے کا 6 سالہ پلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ تین آپشنز پر مشتمل پلان کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ جس میں پانچ روپے پیٹرولیم لیوی کا نفاذ، کمپنیوں کے ڈیویڈنڈ ایڈجسٹمنٹ اور سود کی معافی شامل ہیں ۔

مارچ میں پلان پر آئی ایم ایف کے وفد کوبریفنگ دی جائے گی ۔ آئی ایم ایف راضی نہ ہوا تو گیس ٹیرف میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ایک سو ساٹھ ارب روپے کی کراس سبسڈی کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا ۔