لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای مسٹر منسو کرمباکس نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ماریشس کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں بزنس ٹو بزنس روابط، تجارتی وفود اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماریشس کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ تعلیم، سیاحت، زراعت اور عوامی تبادلوں کے شعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ماریشس کے لیے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے پیداواری کاشت میں ماریشس کی قائم کردہ ٹیکنالوجی اور شوگر انڈسٹری میں تعاون، نیز پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں ماریشس سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور منشیات کے خلاف کاوشوں پر ماریشس ہائی کمشنر کو سراہا اور تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ دوستانہ روابط ہیں۔ انسانی سرمائے کی ترقی، بالخصوص اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں جبکہ زراعت، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور لائٹ انجینئرنگ میں تجارت کی وسیع صلاحیت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہنرمند بنایا جا رہا ہے اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب زرعی پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس میں شاندار مواقع رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کلائمیٹ ریزیلنٹ وژن ایکشن پلان کے تحت گرین سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کے تحفظ، سبز نقل و حمل اور گرین توانائی کی جانب منتقلی کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پنجاب کو بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز قرار دیتے ہوئے اندرون لاہور، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈنز، نور محل اور دیگر مذہبی سیاحتی مقامات کا ذکر کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب نے تباہ کن سیلاب کے چیلنج کا پامردی سے سامنا کیا اور سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ گنے کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن میں ماریشس کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
اس موقع پر منسو کرمباکس نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کا حقیقی مثبت تشخص دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔









