مری (نیوزڈیسک) برفباری اور سیاحوں کا رش: ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کا شہریوں کے لیے اہم حفاظتی پیغام اور سفری ہدایات جاری کردیں ۔مری ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ مری کی خوبصورتی اور برفباری سے لطف اندوز ہونا سیاحوں کا حق ہے، تاہم ان کی زندگیوں کا تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا مری پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال یا ٹریفک کی دشواری سے بچایا جا سکے۔ ڈی پی او مری خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور پولیس کے جوانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور مددگار جذبے کے ساتھ پیش آئیں۔ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرانے ہفتہ اور اتوار کے دوران سیاحوں کے غیر معمولی رش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعطیلات کے بعد بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد مری میں موجود ہے، جس کے پیشِ نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ برفباری کے دوران سڑکوں پر پھسلن بڑھ جاتی ہے، اس لیے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ٹائروں پر ‘سنو چین’ کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ برفباری کے دوران سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے فوٹو گرافی کرنا ٹریفک کے بہاؤ میں بڑی رکاوٹ بنتا ہے، لہذا شہری مقررہ پارکنگ ایریاز ہی استعمال کریں۔ڈی پی او مری نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ مری کے سفر کے دوران اپنی گاڑیوں کی مکینیکل حالت، خاص طور پر ہیٹر، وائپرز اور لائٹس کو چیک کر کے آئیں اور گاڑی میں ایندھن کا وافر ذخیرہ رکھیں۔ دورانِ سفر بچوں اور بزرگوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں اور گاڑی کے شیشے معمولی کھلے رکھیں تاکہ آکسیجن کی کمی نہ ہو۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر *پولیس ہیلپ لائن 15* پر اطلاع دیں یا قریبی پولیس چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں سے مدد حاصل کریں۔ مری پولیس ہر قدم پر آپ کی رہنمائی اور حفاظت کے لیے الرٹ ہے۔
سیاحوں کا تحفظ و محفوظ سفر پولیس کی اولین ترجیح، ڈی پی اومری








