بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کانوونٹ سکول سے کرسچیئنٹی نہیں ہیومینٹی سیکھی: فرخ ناز اکبر

اسلام آباد (پ ر) ہمیں بچپن ہی سے یہ سکھایا گیا کہ کوئی ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی نہیں بلکہ سب انسان برابر ہیں۔ ہم سب پاکستانی ہیں۔ تاہم مسیحی برادری سمیت تمام مذاہبِ کے پیروکار ہمارے دل کے قریب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے نظریہ پاکستان کونسل کی مسیحی برادری سے کرسمس کے موقع پر اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وزیراعلی پنجاب نے تو 14 دسمبر سے عیسائی برادری کے ساتھ سائیکل ریلی و دیگر تقریبات سے اظہار یکجہتی کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے برملہ کہا تھا کہ کرسچین بہن بھائی ہمارے سر کا تاج ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ق کی ایم این اے فرخ خان نے کہا کہ میں نے ابتدائی تعلیم برطانیہ کے ایک چرچ میں حاصل کی۔ جبکہ وطن واپس آ کر مجھے کانوونٹ سکول میں داخل کرایا گیا جہاں سے میں نے کرسچیئنٹی نہیں ہیومینٹی سیکھی۔ جس پر میں آج تک عمل پیرا ہوں۔ کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ نظریہ پاکستان کونسل کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ ہم قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں معاشرے کی تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں مل جل کر پاکستان اور پاکستانیت کو استحکام و فروغ دینا چاہئیے۔ کونسل کے سینئر وائس چیئرمین فیصل زاہد ملک نے کہا کہ اس ٹرسٹ کا قیام میرے والد مرحوم زاہد ملک کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ مسیحی برادری کی ہر اہم تقریب میں شریک ہوتے تھے اور اکثر تقریبات میں، میں انکے ساتھ ہوتا تھا۔ انہوں نے ایک صحافی و دانشور کی حیثیت سے سیکٹر جی ایٹ کی کچی آبادی اور چر چز کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کرنے کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ کرسمس کے حوالے سے کیک کٹنگ کی اس تقریب میں سابق بشپ سیموئل ازاریہ نے اپنے خصوصی میں کہا کہ کرسمس امید، محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ میں نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ سے منسلک منظور مسیح، چیئرمین میاں محمد جاوید اور انتظامیہ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے مجھے بات کرنے کا موقع دیا۔ میں 30 سال رائے ونڈ لاہور میں بشپ رہا جہاں بڑے میاں صاحب سے بھی تبادلہ خیالات ہوتا تھا۔ میں ہمیشہ سے بین المذاھب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کا داعی رہا ہوں کیونکہ پاکستان کا استحکام و ترقی اسی میں ممکن ہے کہ ہم سب ایک ہوں۔ تقریب کے میزبان منظور مسیح کا کہنا تھا کہ میں نے ٹرسٹ کے بانی چیئرمین مرحوم زاہد ملک کے ساتھ کام کیا ہے یہ میرے لیے اعزاز ہے اور مجلس عاملہ کے رکن کی حیثیت سے این پی سی نے مجھے ہمیشہ عزت و احترام دیا ہے۔ میں 2018ء میں اقلیتوں کیلئے قومی کمیشن کا ممبر بنا۔ اس دوران میرے پاس عیسائیوں سے زیادہ مسلمانوں کے کیسز آئے اور مسائل حل ہوئے۔ میں سمجھتا ہوں کہ نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ اہم قومی دنوں پر تقریبات کا انعقاد کرتی ہے بلکہ دیگر اہم قومی مسائل پر بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرنے والوں میں این پی سی کے منصوبہ تعلیم نیٹ ورک پاکستان کی چیئرپرسن رزینہ عالم خان، حمید قیصر، این پی سی کے وائس چیئرمین عبداللہ یوسف، مجلس عاملہ کے سینئر رکن ایمبیسیڈر صلاح الدین ، مسز جوزف، انیلہ شہزاد، ولیم پرویز، ایوب جوزف، کامران بھٹی اور سموئیل بشیر شامل تھے۔