اسلام آباد:(نیوزڈیسک) نجکاری کمیشن کل (23 دسمبر بروز منگل کو) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی) کی نجکاری کا عمل شروع کردے گی، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے نیلامی کے عمل سے نکلنے کے بعد اب صرف تین بولی دہندگان مقابلے میں رہ گئے ہیں۔
اتوار کو نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق نیلامی کی بولیاں صبح 10 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 15 منٹ تک لگائی جائیں گی، جبکہ سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر بولیاں کھولی جائیں گی۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق اس عمل کو ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست دکھایا جائے گا۔
باقی رہ جانے والے تین بولی دہندگان میں ایک کنسورشیم جس میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
ایک کنسورشیم جس میں عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، سٹی اسکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں؛
اور تیسرا کنسورشیم ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ ہے۔
نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں بتایا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے پی آئی اے کی بولی کے عمل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ منگل کو بولیاں جمع ہونے کے بعد انہیں ایک شفاف باکس میں رکھا جائے گا، جس کے بعد نجکاری کمیشن کا بورڈ اجلاس کر کے ریفرنس قیمت مقرر کرے گا۔
اس کے بعد کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی، جو بولیاں کھولنے کے وقت اعلان کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی ہوگی، جبکہ اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے کم ہوئیں تو سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو ترجیح دی جائے گی۔
اگلے مرحلے کے بارے میں مشیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ چند دنوں میں اس لین دین کی منظوری دے گی، جس کے بعد بولی دہندگان سے موصول ہونے والی دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔ دستخط کے بعد نجکاری کمیشن کے پاس 90 دن ہوں گے جن میں جائیدادوں، واجبات اور لیز پر لیے گئے طیاروں کی منتقلی سمیت دیگر امور مکمل کیے جائیں گے۔
لین









