بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈ مارشل عاصم منیر بدلتے عالمی نظام میں پاکستان کے سب سے مؤثر اسٹریٹجک رہنما قرار، فنانشل ٹائمز کی رپورٹ

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے عالمی نظام میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسٹریٹجک حکمتِ عملی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے انہیں بدلتے عالمی ماحول میں سب سے مؤثر رہنماؤں میں شامل کیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق موجودہ عالمی سیاست نے مڈل پاورز (درمیانی طاقتوں) کے لیے ایک نیا مگر پیچیدہ دور کھول دیا ہے، جہاں بیک وقت کئی عالمی طاقتوں کے ساتھ توازن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ایسے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مڈل پاورز کے سب سے کامیاب ملٹی الائنرز کے طور پر ابھرے ہیں۔

جریدے نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر جہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے پاکستان کی سفارتکاری کو واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے درمیان بیک وقت متحرک اور مؤثر رکھا۔ اس حکمتِ عملی کے نتیجے میں پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا ہوئے۔


فنانشل ٹائمز کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی اور منفرد انداز کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگ ہونے کا اعزاز بھی پاکستان کے عسکری سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو حاصل ہوا۔ ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری اور نرم سفارتی رویہ پاکستان کے لیے مؤثر ثابت ہوا۔

جریدے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مڈل پاورز کے لیے ایک کامیاب کثیر الجہتی اسٹریٹجسٹ اور سفارتکاری کی واضح مثال قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی اس سفارتی کامیابی نے بھارت کو مایوس کیا، جبکہ بھارت کے لیے درمیانی طاقت کا کردار توقع سے زیادہ مشکل ثابت ہوا۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق ہندوستان بدلتے عالمی حالات اور ٹرمپ کے انداز سے ہم آہنگ ہونے میں ناکام رہا، جس کے باعث اسے مڈل پاور حکمتِ عملی میں سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔