اسلام آباد :(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے ملاقات کی۔ ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے آغاز پر وزیراعظم نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی حالیہ تعیناتی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک تمناوں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے آئندہ دورے کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور زور دیا کہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا، اور توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اہم شعبوں میں یو اے ای کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اہم شعبوں میں یو اے ای کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت، بشمول انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی منصوبوں، کو بھی سراہا۔
سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے یو اے ای کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔









