اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے اور حکومت پاکستان ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور اسمبلی کے فلور سے بھی مذاکرات کی دعوت دی جا چکی ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ ناقابل قبول ہے اور صرف جائز مطالبات پر ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل سے پاکستان کرکٹ کے سنہرے دور کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں۔وزیراعظم نے اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنے پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بتایا کہ آج کا دن اہم ہے اور نجکاری کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ کے ارکان نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے کام کیا ہے۔ نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بولیوں کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے، اور لفافوں میں آئیں بولیاں براہ راست کھولی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بولی کے عمل کو شفاف بنانا ناگزیر ہے کیونکہ کامیاب اور شفاف نجکاری سے معاملات میں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یکسوئی کے ساتھ کام جاری ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ہونی چاہیے۔









