ڈی کالب کاؤنٹی(ویب ڈیسک)لیاہ اپنے دوستوں کے ساتھ عمارت دیکھنے گئی، جہاں وہ اچانک پانچ منزلہ عمارت سے نیچے جاگری۔نیٹ فلیکس کی مقبول سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے سیٹ کے طور پر مشہور متروکہ عمارت نے ایک نوجوان لڑکی کی جان لے لی۔
19 سالہ لیاہ پالمیوروٹو جمعہ کی رات اپنے دوستوں کے ساتھ عمارت دیکھنے گئی، جہاں وہ اچانک پانچ منزلہ عمارت کی چھت سے نیچے جاگری اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
مذکورہ عمارت کو 1960 کی دہائی میں مرکزی ذہنی صحت اسپتال کے طور پر استعمال کیا گیا تھا، بعد میں نیٹ فلیکس کی سیریز میں ہاکنز نیشنل لیباریٹری کے طور پر دکھایا گیا۔ 2024 میں عمارت کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا، مگر کچھ افراد اس کی تاریخی اور فلمی شہرت کی وجہ سے اسے دیکھنے کی کوشش کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق لیاہ اور اس کے دوست نے جالی دار باڑ پار کرکے داخل ہونے کی کوشش کی، حالانکہ واضح طور پر ’داخلہ منع ہے‘‘ کا انتباہ موجود تھا۔
ڈی کالب کاؤنٹی پولیس اور ایموری یونیورسٹی پولیس عمارت کے اندر واقع حادثے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ لیاہ کے گرنے کی وجہ کیا تھی، آیا وہ غلط قدم اٹھا بیٹھی، عمارت کا ڈھانچہ کمزور تھا، یا کوئی اور وجہ کارفرما تھی۔ پولیس نے بتایا کہ عمارت کئی حصوں میں خطرناک حالت میں ہے، جس کی وجہ سے اسے عوام کی رسائی سے دور رکھا گیا ہے۔
لیاہ کے والد ٹوڈ پالمیوروٹو جونیئر نے اپنی بیٹی کو ’پرفیکٹ اور سچا مہم جو‘ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کو سخت پیغام دیا کہ وہ متروکہ مقامات پر جانے سے گریز کریں۔









