اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے 9ویں چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی تاریخی، مثالی اور آزمودہ ہے جس پر دونوں ممالک کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر سطح پر مضبوط، مؤثر اور دیرپا روابط قائم ہیں اور دونوں ممالک حقیقی معنوں میں آئرن برادرز ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات بھی تیزی سے فروغ پا رہے ہیں، جہاں چینی شہری اردو سیکھ رہے ہیں جبکہ پاکستانی شہری چینی زبان سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، جو باہمی اعتماد اور قربت کا واضح ثبوت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آئرن برادرز کی اصطلاح دنیا میں صرف پاکستان اور چین کے تعلقات کے لیے استعمال ہوتی ہے، جو اس غیر معمولی دوستی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جدید تقاضوں کے مطابق اپنا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے تاکہ قومی بیانیے کو جدید اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کی بنیاد رکھی گئی ہے، جو پاکستان کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان میڈیا تعاون سمیت تمام شعبوں میں اشتراک مزید مضبوط بنایا جائے گا۔








