بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوجوانوں کی محنت ہی پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی کی بنیاد ہے،وزیراعظم

مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی محنت اور قابلیت ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی شبانہ روز محنت، والدین کی قربانیوں اور اساتذہ کی رہنمائی کو سراہا اور کہا کہ یہی محنت پاکستان اور آزاد کشمیر کو عالمی سطح پر ممتاز مقام دلائے گی۔

یونیورسٹی آف آزاد کشمیر مظفر آباد میں طلبہ کولیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کی افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور نوجوانوں کی دعا اور محنت بھی اس کامیابی میں مددگار رہی۔ انہوں نے طلبہ کو یاد دلایا کہ محنت اور عزم کے ذریعے ہر مشکل کو عبور کیا جا سکتا ہے، چاہے وسائل محدود ہی کیوں نہ ہوں۔

شہباز شریف نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کوئی رشوت یا سفارش نہیں، بلکہ میرٹ پر مبنی اقدام ہے جس نے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے اور کامیاب مستقبل کے مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس پروگرام سے ہزاروں طلبہ ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنسدان اور اساتذہ بن چکے ہیں۔

وزیراعظم نے مظفر آباد میں چار نئے دانش سکولز کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ جدید ترین تعلیمی ادارے ہوں گے جن میں سمارٹ کلاس رومز، ای-لیبز اور بہترین سپورٹس فیسلیٹیز مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے “پاکستان ایجوکیشن ایڈومنٹ فنڈ” کے ذریعے طلبہ کو وظائف بھی دیے جائیں گے تاکہ مالی مشکلات کے باوجود ہر طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے۔

شہباز شریف نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ محنت، دیانت اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں اور کہا کہ یہی اقدار پاکستان اور آزاد کشمیر کو عالمی سطح پر ممتاز مقام دلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فرد کا اصل مقام اس کی محنت اور لگن سے بنتا ہے، نہ کہ سفارش یا وسائل سے۔

وزیراعظم نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہد کو بھی سراہا اور کہا کہ متحد اور یکجہت رہ کر پاکستانی نوجوان نہ صرف ملک کو عظیم بنا سکتے ہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بھی دلوا سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو حوصلہ دیا کہ وہ اپنے علم اور محنت کے ذریعے پاکستان اور آزاد کشمیر کے روشن مستقبل کے لیے کام کریں۔

شہباز شریف نے آخر میں علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محنت، یقین اور اتحاد ہی قوم کی کامیابی کی کنجی ہیں اور یہی اصول پاکستان کو عظیم بنانے اور کشمیری عوام کے حقوق دلانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔