اسلام آباد(نیوزڈیسک) مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری سے حکومت کو 10 ارب روپے نہیں بلکہ 55 ارب روپے ریونیو ملے گا۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب کا ریونیو ملے گا۔ 25 فیصد شیئرز کی فروخت سے حکومت کو 45 ارب روپے ملیں گے۔
مشیر نجکاری نے کہا فیلڈ مارشل نے نجکاری کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔ ایئرلائن کو نہ بیچتے تو شاید دو سال بعد طیارے اڑان بھی نہ بھر پاتے۔ 10 سال میں 500 ارب روپے کا نقصان ہوا ۔ اب حکومت خسارے سے بچ جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ائیرلائن کی نجکاری سے ہماری ساکھ مجروح نہیں ہوگی،ہماری ساکھ تب مجروح ہوتی اگر ہماری قومی ائیرلائن کے طیارے اڑان بھرنے کے قابل نہ رہتے۔
مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کامیاب بولی ایک بڑی پیش رفت ہے، باکمال لوگ لاجواب سروس محض نعرہ نہیں ہے، ایک دورمیں 50 طیارے چلتے تھے مگر اپنی غلطیوں سےیہ حال ہوا۔ اب نئےطیارے آئیں گےسروس ڈیلیوری بہترہوگی۔
محمد علی پی آئی اے کا 30 فیصد مارکیٹ شیئر ہے،پہلے 70 سے 80 فیصد تھا،18عالمی روٹس پر پی آئی اے جہاز جاتے ہیں،زیادہ مشرق وسطیٰ کے ہیں، نجکاری کا فائدہ یہ ہےکہ اب ہمیں نقصان نہیں ہوگا۔









