اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزارت مذہبی امور نے آئندہ حج کے عازمین پر ایک ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والوں کو فضائی کرائے کی مد میں اضافی ادائیگی کرنا پڑے گی۔
سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین کو فضائی کرائے کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 67 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی ۔ وزارت مذہبی امور کا 4 فضائی کمپنیوں سے معاہدہ حج زائرین پر مزید مالی بوجھ کا سبب بنا ۔
مستند ذرائع نے سماء کو بتایا ہے کہ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت ہر حاجی فضائی کرائے کی مد میں 14 ہزار روپے اضافی ادا کرے گا ۔ فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کے مطابق ریٹرن ایئر ٹکٹ 2 لاکھ 38 ہزار روپے کا ہو گا۔ گزشتہ حج کیلئے فضائی کرایہ 2 لاکھ 24 ہزار روپے فی کس وصول کیا گیا تھا ۔
معاہدے کے مطابق سرکاری عازمین کو سفری خدمات پی آئی اے ، سعودی ایئرلائن اور 2 نجی فضائی کمپنیاں فراہم کریں گی ۔ سرکاری حج سیکم کے تحت اس سال 1 لاکھ 19 ہزار 210 عازمین حج کریں گے ۔









