اسلام آباد(نیوزڈیسک) ایئرلائنز سے وصول کروڑوں روپے کے ایئرپورٹ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے آڈٹ رپورٹ 2024،25 میں ایئرلائنز سے وصول کروڑوں روپے ایئرپورٹ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہواہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 46 کروڑ سے زائد کا ایئرپورٹ ٹیکس پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے جمع نہیں کرایا۔ ٹیکس کی رقم مسافروں کوجاری ٹکٹس کی مد میں وصول کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق رقم جمع نہ کرائے جانے پرمبنی بے ضابطگی کے بارے دسمبر2024 میں آگاہ کیا گیا۔ اتھارٹی کی جانب سے رقم کی عدم وصولی کا اعتراف اور وصولی پر جمع کرانے کا جواب دیا گیا۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مطابق ایئر پورٹ ٹیکس کی عدم وصولی اتھارٹی کے کمزورمالی سسٹم کی نشاندہی کرتی ہے،رپورٹ میں رقم وصولی کے لئے اتھارٹی کو ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔









