بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فوج وعوام میں تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (نیوزڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں۔ استحکام کو نقصان پہنچانے والے سیاسی یا دیگر عناصر سے نمٹا جائےگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس کا 273 واں اجلاس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ، ملک استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔ فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق مسلح افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہرگزکسی کو اجازت نہیں، بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں، سہولت کاروں سے بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔ قومی یکجہتی،استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، استحکام کو نقصان پہنچانےوالے سیاسی یادیگرعناصر سے نمٹا جائےگا۔

فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا، اجلاس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کےلیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا گیا۔ شرکانے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی بھی توثیق کی۔

آرمی چیف نے علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاک فوج کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، کورکمانڈرز کو آپریشنل تیاری، جدت، پیشہ ورانہ مہارت کا معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افواج کی پُرعزم کاوشوں کو سراہا۔