بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا میں بی ٹیک کے پہلے سال کے طالب علم نے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طالبعلم آکاش دیپ بہار کا رہنے والا تھا اور دہلی ٹیکنیکل کیمپس میں بی ٹیک کا طالب علم تھا۔ آکاش دیپ اپنے ہاسٹل کے کمرے میں پھندے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔
واقعے کے وقت اس کا روم میٹ باہر گیا ہوا تھا، واپسی پر اس نے آکاش دیپ کو لٹکا ہوا دیکھا اور فوری طور پر اسے اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے آکاش کو مردہ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو کمرے سے آکاش کی جانب سے لکھا گیا ایک خط بھی ملا ہے جو اس نے اپنے والدین کے نام اپنی جان لینے سے قبل لکھا۔
آکاش دیپ نے اپنے والدین سے معافی مانگتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ وہ مزید ان کے پیسے ضائع نہیں کرنا چاہتا، وہ اپنی موت کا ذمہ دار خود ہے اور اس کے لیے کسی اور کو موردِ الزام نہ ٹھہرایا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آکاش دیپ نے لکھا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت میں بھی اس کے نتائج اچھے نہیں آئے تھے، ایک سال کا وقفہ بھی لیا اور وہ یہی صورتحال دوبارہ نہیں دہرانا چاہتا، وہ چار سال تک پڑھائی جاری رکھ کر والدین کو جھوٹی امید نہیں دینا چاہتا اس لیے یہ قدم اٹھا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالب علم نے پڑھائی کے دباؤ کے باعث خودکشی کی ہے۔









