اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے قائدین اور انصارالاسلام کے رضا کاروں کی گرفتاری کے خلاف کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور قومی شاہراہ سمیت لنک روڈ پر دھرنا دے دیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان نے قائدین اور انصار الاسلام کے رضا کاروں کی گرفتار کے خلاف قومی شاہراہ سمیت لنک روڈوں پر دھرنا دے دیا۔پنوعاقل کے قریب جے یو آئی کارکنان نے قومی شاہراہ بند کردی، جے یو آئی رہنما علامہ راشد سومرو کی سربراہی میں سینکڑوں کارکن قومی شاہراہ پر جمع ہوگئے۔کراچی اور لاہور کے درمیان ٹریفک رک گیا، کارکنان نے نعرے بازی کی ، پنوعاقل کے قریب قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔جے یو آئی کے کارکنان نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ کراچی میں سپرہائی وے الآصف اسکوائر کے قریب جے یو آئی کیکارکنان کا احتجاج جاری ہے، احتجاج کے باعث ٹریفک متاثرہ ہوگیا ہے،پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل سمت موڑا جا رہا ہے۔سندھ کے شہر سکھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے قومی شاہراہ پنوعاقل پر دھرنا دے دیا، جے یو آئی کارکنان پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔نواب شاہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے سکرنڈ روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی، جیکب آباد میں بھی کارکنان کا ڈی سی چوک پر دھرناجاری ہے، میرپورخاص میں جے یو آئی کے کارکنان نے ٹول پلازہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا، ادھر مٹیاری میں بھی جے یو آئی کارکنوں کا قومی شاہراہ پردھرنا جاری ہے جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔اس کے علاوہ سوات میں جے یو آئی کے کارکنوں نے نشاط چوک مینگورہ میں مظاہرہ کیا، ادھر خضدار میں بھی جے یو آئی کے کارکنان قومی شاہراہ پر جمع ہونے لگے، مانسہرہ میں مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ہزارہ ایکسپریس وے پر احتجاج کیا جا رہا ہے،کارکنوں نے اچھڑیاں کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے بندکردی۔کوئٹہ میں مولانافضل الرحمان کی کال پرپارٹی کارکنوں نے منان چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر جناح روڈ بلاک کردی، حب بائی پاس اور اوتھل کے مقام پر بھی جے یو آئی کا احتجاج جاری ہے جس سے کراچی کوئٹہ شاہراہ بند ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی جے یو آئی کی جانب سے قاسم آباد کے قریب قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جا رہا ہے۔