کم درجہ حرارت اور کم ہوا کے باعث لاہور کے اے کیو آئی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کم ونڈ اسپیڈ اور سرد موسم میں فضائی آلودگی کے ذرات فضا میں معلق رہنے سے اے کیو آئی میں اضافہ ممکن ہوا۔ حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اسموگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ای پی اے اور ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں متحرک ہیں۔
اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی اخراج، اوپن فوڈ پوائنٹس اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے۔ مصنوعی دھواں پیدا کرنے والی سرگرمیوں پر فوری جرمانے اور سیلنگ کا عمل جاری ہے جبکہ اسموگ ہاٹ اسپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
موسمی حالات عارضی ہیں جبکہ ہوا کی رفتار میں اضافے سے اے کیو آئی میں بہتری متوقع ہے اور عوامی تعاون کے بغیر اسموگ پر قابو ممکن نہیں۔ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت نے ہدایت دی ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔ اسی طرح بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے، کھلی فضا میں ورزش محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔









