بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک میں 29 دسمبرتا یکم جنوری تیز ہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

 

لاہور(نیوزڈیسک) موسم ایک بار پھر تبدیلی کی طرف گامزن ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 دسمبر سے یکم جنوری تک شہر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

لاہور اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 179 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ متوقع بارشوں کے نتیجے میں فضائی آلودگی اور اسموگ میں واضح کمی آ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم سرماکی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے، منگل سے بدھ کے درمیان کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے بعد سردی میں اضافے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 29 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ برفباری کاامکان ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

بیان کے مطابق 30 دسمبر اور یکم جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام ،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک،ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے برفباری کی بھی توقع ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کیوجہ سے پانی جم گیا اور محکمہ موسمیات نے بارش اور ہلکی برف باری کی نوید سنا دی ہے۔