اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا
اٹلی نے پاکستانی شہریوں کے لیے نوکریوں میں باضابطہ کوٹہ مختص کر دیا ہے، جس کے بعد اٹلی پاکستانی ورک فورس کو کوٹہ دینے والا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کے مطابق اٹلی نے پاکستان کو آئندہ تین سال کے لیے مجموعی طور پر ساڑھے دس ہزار نوکریوں کا کوٹہ فراہم کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ہر سال 3,500 پاکستانی شہری روزگار کے لیے اٹلی جا سکیں گے، جن میں 1,500 سیزنل جبکہ 2,000 نان سیزنل کوٹے پر ہوں گے۔ یہ مواقع شپ بریکنگ، زراعت اور ہیلتھ کیئر سمیت مختلف شعبوں میں فراہم کیے گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افراد کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز اور ہاؤس کیپنگ کے شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، جبکہ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں بھی روزگار کی گنجائش رکھی گئی ہے۔









