بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت، تعلیم کیلئے 46 ارب روپے فنڈزمختص، ملک احمد خان

 

لاہور (نیوزڈیسک) ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، اس وقت بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، اس وقت بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں۔

آبادی کے تناسب سے پچھلی دو دہائیوں سے تعلیم سے محروم بچوں کے اعداد و شمار یہی ہیں تاہم موجودہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ تعلیم کے لئے ریکارڈ فنڈ مختص کئے ہیں اور تعلیم کا بجٹ 17 ارب سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے اپنے طلبا پر فی کس دس سے ساٹھ ہزار روپے فی ہفتہ خرچ کرتے ہیں جبکہ سرکاری ادارے جہاں 97 فیصد بچے پڑھتے ہیں ان میں سالانہ فی کس پچیس سے تیس ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ایسے میں سرکاری اداروں کے بچے نجی اداروں کے طلبا سے کیونکر مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ نجی اداروں کو چاہئے کہ تعلیمی مساوات کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔

انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں، آج آپ اپنے اپنے شعبے کی اعلیٰ تعلیم لے کر فارغ التحصیل ہو رہے ہیں آپ کو چاہئے کہ اس ملک کی ترقی کے لئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

قبل ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔