بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

31 دسمبر، بالائی و وسطی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری کی ایڈوائزری

اسلام آباد:(نیوزڈیسک)قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے،این ڈی ایم اے نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ممکنہ بارشوں اور موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آج رات ملک میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کے باعث بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 30 دسمبر کو ہواؤں کی شدت مزید بڑھ جائے گی جس کے نتیجے میں 31 دسمبر کو بالائی و وسطی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری، گلیات، سکردو، ہنزہ سمیت متعدد پہاڑی علاقوں میں برفباری اور رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بارش کے باعث وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ پی ڈی ایم ایز، جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کے ساتھ متعلقہ اداروں کو ہمہ وقت معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری موسمی صورتحال اور احتیاطی تدابیر کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔