اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سی ڈی اے نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک سمری پیش کی ہے جسمیں وفاقی دارالحکومت میں ائرکنڈیشنڈ امپورٹیڈ سٹیٹ آف دی آرٹ 80مسافروں کو بیک وقت لے جانے والی اورنج میٹرو سروس‘ گرین لائن میٹرو سروس اور بلیو لائن میٹرو سروس کیلئے کرائے کی تجاویز دی گئی ہے۔ سی ڈی اے کے میٹرو سروسز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر قاضی عمر نے ذرائع کے مطابق جو تجویز کیا ہے اسکے مطابق پہلے تین اسٹیشنوں تک 20روپے میں عام لوگ سفر کیا کرینگے۔ ایک سے چھ میٹرو اسٹیشن تک سفر کا کرایہ صرف 35روپے لیا جائیگا اور ایک سے تیرہویں میٹرو اسٹیشن تک کا کرایہ 50روپے ہو گا۔ کرایہ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے وزیراعظم کی ہدایت پر آج 8جولائی سے بھارہ کہو اور ملپور سے پمز تک ایکسپریس گرین میٹرو بس سروس صبح ساڑھے 6بجے سے رات ساڑھے 9بجے تک چلانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جبکہ فیض احمد فیض اسٹیشن سے این فائیو پشاور روڈ میٹرو اسٹیشن تک صبح 6سے رات 10بجے تک میٹرو بس سروس چلا کریگی۔ این فائیو پشاور روڈ میٹرو اسٹیشن سے ائرپورٹ تک 24گھنٹے اورنج میٹرو بس سروس چلانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گرین میٹرو بس سروس اور بلیو میٹرو بس سروس کو 6اگست تک عوام کیلئے مفت چلانے کی ہدایت کی ہے۔ گرین لائن میٹرو سروس بھارہ کہو سے چل کر ایک کلومیٹر فاصلے پر ملپور میٹرو سٹیشن رکے گی وہاں سے مسافروں کو لیکر نان اسٹاپ سروس پاکستان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ تک لوگ مفت سفر کیا کرینگے۔ اسی طرح پمز میٹرو اسٹیشن سے ایکسپریس گرین میٹرو سروس ہو گی جس کے بعد بھارہ کہو تک لوگ مفت سفر کیا کرینگے۔ دوسری طرف بلیو میٹرو بس سروس آج سے کورال چوک سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز تک ایکسپریس/نان سٹاپ ائرکنڈیشنڈ بس سروس چلے گی جبکہ پی ڈبلیو ڈی انٹرچینج سے کورال چوک تک مفت شٹل سروس آج سے چلا کریگی تاکہ میڈیا ٹائون‘ پاکستان ٹائون‘ کورنگ ٹائون‘ پی ڈبلیو ڈی ہائوسنگ کالونی اور علاقے کے دوسرے مسافر مفت سی ڈی اے کی شٹل سروس میں بیٹھ کر کورال چوک پہنچا کرینگے اور وہیں سے واپس جایا کرینگے۔
بلیو‘ گرین‘ اورنج میٹرو کا کرایہ 20 سے 50روپے رکھنے کی تجویز








