بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قائداعظم ؒکی سیاست آئینی و جمہوری اصولوں پر استوار تھی، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد:(نیوزڈیسک)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد آئین، جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر یقین کی روشن مثال ہے۔وہ ایوان صدر میں قائداعظم کے یومِ پیدائش کےحوالے سےمنعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بابائے قوم
قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی بنیاد اُصولی قیادت، اخلاقی جرات اور آئینی جدوجہد کے ذریعے رکھی۔قائداعظم نے ہمیشہ دلیل، مکالمے اور قانونی اصولوں پر انحصار کیا اور کروڑوں مسلمانوں کی تقدیر کو جذبات یا تصادم کے بجائے فہم و فراست، صبر اور اخلاقی وقار کے ذریعے بدل کر رکھ دیا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی سیاست آئینی و جمہوری اصولوں پر استوار تھی ۔قائدکا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریب میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 149 ویں سالگرہ کےحوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قائداعظم کے اصولوں پر کار فرما ہو کرپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھا جائے۔تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے کلام اقبال اور ملی نغمے پیش کئے۔