اسلام آباد:(نیوزڈیسک)
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر نے وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو نئے سال کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اس موقع پر اسحاق ڈار نے بھی نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے چین کے تمام بنیادی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جن میں ون چائنا پالیسی کی مکمل پاس داری شامل ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عوامی جمہوریہ چین کو واحد جائز حکومت تسلیم کرتا ہے جو پورے چین کی نمائندہ ہے، جبکہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون اور خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا اور دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں۔









