اسلام آباد:(نیوزڈیسک)نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے جہاں پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 30 رہ گئی ہے۔ نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ ستمبر کے بعد ملک بھر میں پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ بلوچستان اور پنجاب میں تقریباً ایک سال سے پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
نیشنل ای او سی کے مطابق 2025 کے دوران انسدادِ پولیو کی چھ اعلیٰ معیار کی مہمات کامیابی سے منعقد کی گئیں۔ حالیہ قومی پولیو مہم میں ملک بھر میں 98 فیصد سے زائد بچوں کو ویکسین فراہم کی گئی جبکہ گزشتہ مہم کے مقابلے میں ویکسین سے محروم بچوں کی تعداد میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارے کے مطابق پولیو کے خاتمے میں مضبوط حکومتی قیادت اور ادارہ جاتی تعاون کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں جبکہ کمیونٹی، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا کی شمولیت سے پولیو پروگرام پر عوامی اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان 2026 میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔









