بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیو ائیرنائٹ، شام 7 تارات 3 بجے، اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند

اسلام آباد: (نیوزڈیسک)ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں نیو ائیر نائٹ پر ٹریفک کے 350 سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 31 دسمبر شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ نیو ائیر نائٹ کی تقریبات کے باعث ایکسپریس ہائی وے، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، کلب روڈ، مری روڈ اور پارک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ متوقع ہے، جبکہ جناح ایونیو فلائی اوور، زیرو پوائنٹ، کھنہ اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس پر بھی ٹریفک کی صورتحال دباؤ کا شکار رہ سکتی ہے۔

ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے 8 خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ کار سکیٹنگ اور ریش ڈرائیونگ پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، جبکہ سڑکوں پر کسی کو بھی گاڑی پارک کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ تفریحی مقامات پر بھی ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو ون ویلنگ اور انڈرایج ڈرائیونگ سے منع کریں۔ شہری شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک متبادل راستوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وہ نیو ائیر نائٹ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیاں منانے کے ساتھ ٹریفک قوانین اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ مزید اپ ڈیٹس کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔