پاکستان میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا پر امن استعمال،خود آئی اے ای اے معترف
ویانا (ویب ڈیسک) نیوکلیئرٹیکنالوجی کے پر امن استعمال کی خود انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی بھی معترف ہو گئی ، آسٹریا کے شہر ویانا سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے خصوصی تہنیتی پیغام جاری کرکے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلا دیا ۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے اپنے پیغام میں کہا کینسرکیخلاف جنگ میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا کردارقابل ستائش ہے، پاکستان میں کینسرسےہرسال ایک لاکھ سےزائد افراد جان کی بازی ہارجاتےہیں،اس سنگین مسئلے سے نمٹنے کیلئے پی اے ای سی نے ملک بھر میں اکیس کینسراسپتال قائم کیےہیں، کینسر کے ماہرین کی پیشہ ورانہ ٹیم تیار کی گئی جو بلاشبہ قابل ستائش ہے۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے اسلام آباد کے نوری اسپتال میں پاکستان کےپبلک سیکٹرمیں سائبر نائف کی پہلی سہولت کا باضابطہ افتتاح کرنا باعث فخر قرار دیا اور کہا نوری ہسپتال اسلام آباد کی بطور آئی اے ای اے ریز آف ہوپ اینکر سنٹر پارٹنر شپ کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔ ڈی جی نے آزاد کشمیر میں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، اونکولوجی اینڈ ریڈیوتھیرپی کے قیام پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو مبارکباد بھی پیش کی ہے ۔









