اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے سفارشات طلب کرلیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نئے سال کے پہلے دن معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر مختلف وزارتوں کی طرف سے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی، ادارہ جاتی انتظامی اصلاحات پر جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے معاشی ترقی اور اصلاحات کی تجاویز میں وزارتوں کے مابین باہمی ہم آہنگی اور صوبوں اور وفاقی اداروں کے باہمی تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی کردار رکھتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے متعلقہ وزارتیں دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مؤثر تعاون کریں۔ پاکستانی سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔ وزارتیں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار ، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکٹریز ، نیشنل کوارڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔









