اسلام آباد(نیوزڈیسک) رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ تو مذاکرات چاہتے ہیں لیکن اس میں رکاوٹ خود بانی پی ٹی آئی ہیں، دونوں طرف ڈیڈ لاک ہے اس کی وجہ سے مجھے یہ عمل چلتا نظر نہیں آرہا۔
رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں رکاوٹ خود بانی پی ٹی آئی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ تو مذاکرات چاہتے ہیں، پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سے ڈائیلاگ کی اسپیس پیدا کرے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق ڈیڈ لاک کے ذریعے اپنا راستہ نکالنا چاہتے ہیں تاہم مذاکرات کا عمل چلتے ہوئے مجھے نظر نہیں آتا کیونکہ بانی کہتے ہیں کہ سیاستدانوں سے مذاکرات نہیں کرنے جبکہ ادارے ان سے مذاکرات کریں گے نہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بانی کوئی حادثہ چاہتے ہیں، کوئی عوامی دباو اٹھے اور حکومت مجبور ہو جائے، سہیل آفریدی کو اس لیے لائے کہ یہ تصادم زیادہ بہتر کریں گے، پی ٹی آئی والے سب سے ہی تصادم چاہتے ہیں۔









