بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے قائم ہے، نائب وزیر اعظم

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاکستان اور چین نے باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر اپنی “آہنی دوستی” کو مزید مضبوط کیا ہے۔

پیپلز ڈیلی آن لائن کو دیے گئے انٹرویو میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ترقیاتی وژن اور صدر شی جن پنگ کے چار عالمی انیشی ایٹوز عالمی چیلنجز کے حل کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور پاکستان “ون چائنا پالیسی” پر مضبوطی سے قائم ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور تعاون کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمہ موسمی اسٹریٹیجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ چین کے بنیادی مفادات سے متعلق امور میں غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔

نائب وزیر اعظم کے مطابق خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا، ترقی کو مرکزیت دینا اور ایک مستحکم ماحول تشکیل دینا ناگزیر ہے، جو ایشیا اور دنیا میں پائیدار امن، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار بنیاد فراہم کرے گا۔