بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا میں گورننس ناپید، کوئی روڈ میپ نہیں ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورننس ناکام ہوچکی، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں، وزیراعلیٰ صوبے میں بہتری کے بجائے دوسرے صوبے کے دورے کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کی اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر ٹی ٹی پی کی سہولت کاری کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کو باتیں کستے ہیں، لیکن ٹی ٹی پی کی مذمت کے لیے دو الفاظ نہیں نکلتے، پی ٹی آئی، ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے، اسی لیے ان کے ترجمان ٹی ٹی پی کے خلاف بات کرنے سے گھبراتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جرائم کا خاتمہ نہیں کیا جارہا، تعلیم اور صحت کا شعبہ خرابی کا شکار ہے لیکن یہ لشکر لے کر لاہور اور کراچی جارہے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشت کے مثبت ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، دنیا کے ممالک اگر ریڈ کارپٹ سے پرپل کارپٹ آپ کے لیے بچھارہے ہیں تو یہ آپ کی عزت ہے۔