بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکمرانی نے خیبر پختونخوا کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا، امیر مقام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے جامعہ پشاور کے اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے جاری احتجاج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ترجیحات پر سخت تنقید کی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ایک طرف صوبے کی سب سے بڑی جامعہ کے اساتذہ اپنے جائز حقوق کے لیے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کراچی کے دوروں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب صوبے کے تعلیمی ادارے مالی بحران کا شکار ہوں اور اساتذہ کو تنخواہیں نہ مل رہی ہوں تو وزیراعلیٰ کا صوبہ چھوڑ کر سیاسی سرگرمیوں کے لیے دیگر شہروں میں جانا کس طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکومت نے صوبے کو مسائل کے انبار کے سوا کچھ نہیں دیا۔ تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان جیسے بنیادی شعبے بدترین زبوں حالی کا شکار ہیں۔ “پی ٹی آئی کی ناقص حکمرانی نے صوبے کے اداروں کو کمزور کیا اور آج اس کے نتائج عوام اور اساتذہ بھگت رہے ہیں،”

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ نعروں اور الزامات کی سیاست کی، مگر عملی طور پر صوبے کے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ جامعہ پشاور کے اساتذہ کا احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت اپنے ملازمین کی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے میں بہتر حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔