خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر فنڈز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مالی بحران کے پیش نظر وفاق کو خط لکھا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ کے دوران وفاق کی جانب سے صوبے کو کم فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ضم اضلاع کے لیے مختص 292 ارب روپے میں سے صرف 56 ارب روپے وصول ہوئے، جو سالانہ بجٹ کا محض 19 فیصد بنتے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ فنڈز کی کمی کے باعث کے پی حکومت نے اپنے وسائل سے 16.4 ارب روپے جاری کیے، لیکن اس کے باوجود 157 ارب روپے کے سرپلس بجٹ پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
مزمل اسلم نے واضح کیا کہ وفاق سے فنڈز نہ ملنے کی صورت میں صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے متاثر ہوں گے اور ضم اضلاع شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوامی سہولیات متاثر نہ ہوں اور ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔
خیبر پختونخوا دوبارہ وفاق سے فنڈز کی ادائیگی کا مطالبہ کر گیا








