بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: ٹریفک مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت، این ایل سی کے ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک پِپری پر کام کا آغاز

کراچی(ویب ڈیسک) کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور بندرگاہ پر کنٹینروں کے دباؤ کے خاتمے کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک پِپری کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا ہے، جسے شہر کے دیرینہ لاجسٹک مسائل کا مؤثر اور دیرپا حل قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق کراچی بندرگاہ پر بذریعہ ریل مال برداری کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث کنٹینروں کا شدید رش معمول بن چکا ہے، جس سے نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک جام رہتا ہے بلکہ ترسیل کے نظام میں سست روی کے باعث معاشی سرگرمیاں بھی منفی طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔

ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک پِپری کی تعمیر سے بندرگاہ اور اندرونِ ملک ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس سے سڑکوں پر بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ مال برداری کا عمل تیز اور مؤثر ہو سکے گا۔

منصوبے کے ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کا سنگِ بنیاد رکھنے کے لیے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی اور ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سولیم مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں سرکاری و نجی شعبے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

این ایل سی اس منصوبے کو 400 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے مختلف مراحل میں مکمل کرے گا، جبکہ منصوبے کا پہلا مرحلہ چار ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف کراچی میں ٹریفک اور لاجسٹکس کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ قومی معیشت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی نئی رفتار ملے گی۔