مری (نیوزڈیسک) ملکہ کوہسار مری میں رواں ہفتے متوقع برفباری کے پیش نظر’’مشن سیف ونٹر‘‘کا آغاز کر دیا گیا، سیاحوں کی حفاظت کے لیے فول پروف ’’ڈیجیٹل اور فیلڈ حصار‘‘ قائم کردیا گیا ، سیاحوں سے برفباری کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے ۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے مری میں 17 سے 21 جنوری تک پوری فورس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ، ممکنہ شدید برفباری کے پیش نظر اضافی نفری طلب کر لی گئی ، سینئر افسران فیلڈ میں موجود ہوں گے ، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے حساس سڑکوں کی ریئل ٹائم نگرانی کا نظام فعال کردیا گیا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے مری کا سفر جدید مانیٹرنگ اور رسپانس سسٹم کے سائے میں محفوظ ہوگا،ڈھلوانی سڑکوں اور لینڈ سلائیڈ والے علاقوں میں پولیس گشت مؤثر بنا دیا گیا ہے ۔ گاڑی کھڑی ہونے کی صورت میں ایک کھڑکی کھلی رکھیں تاکہ آکسیجن کم نہ ہو ، سیاح ایمرجنسی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ون فائیؤ پر رابطہ کریں ۔









