اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف سویڈش ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ایرکسن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایرکسن کے صدر اور مارکیٹ ایریا یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے سربراہ مسٹر پیٹرک جوہانسن کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں ایرکسن کی چھ دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور ملک کے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی میں کمپنی کے اہم کردار کو سراہا۔ ملاقات کے دوران اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے اگلی نسل کے ڈیجیٹل رابطوں کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 5G سمیت جدید نیٹ ورکس کے حوالے سے ایرکسن کے عالمی تجربات سے استفادہ کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت قومی ضروریات کے مطابق محفوظ، پائیدار اور جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
ملاقات میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ، مالی شمولیت، کیش لیس ادائیگی کے نظام کی توسیع، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسٹریٹیجک شراکت داروں کی بھرپور حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرکسن کے وفد نے 5G سپیکٹرم نیلامی سمیت ملک کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔









