بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان، جاپان کے درمیان 2.91ارب ین کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) پاکستان اور جاپان نے جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں بہتری سے متعلق 2.91 ارب جاپانی ین مالیت کے منصوبہ پر دستخط کردئیے، اس حوالے سے وزارت اقتصادی امور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتِ جاپان نے جاپانی گرانٹ اِن ایڈ کے تحت جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے اس منصوبے کے لیے 2.91 ارب جاپانی ین (تقریباً 18.62 ملین امریکی ڈالر) کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (آئی سی ایچ) ملتان میں تشخیصی اور علاج معالجے کے نظام کو مضبوط بنانا اور سہولیات کی توسیع اور ضروری طبی آلات کی فراہمی کے ذریعے اسے خطے کے واحد ٹرشری کیئر ہسپتال کے طور پر مزید مؤثر بنانا ہے۔ یہ منصوبہ زیادہ خطرے سے دوچار نوزائیدہ ، شیر خوار اور بیماریوں میں مبتلا بچوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں معاون ہوگا، جس کے نتیجے میں جنوبی پنجاب اور دیگر صوبوں میں بچوں کے لیے صحت کی خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔

ایکسچینج آف نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپان کی طرف پاکستان میں تعینات سفیر اکا ماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے جاپانی حکومت اور عوام کی قیمتی معاونت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان مزید بامعنی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے حکومتِ جاپان کی جانب سے حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے اور دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔