بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیٹی بندر: سمندر میں ڈوبنے والے8 افراد میں سے 6 کو بچالیا گیا

 

کراچی:(نیوزڈیسک)کیٹی بندر کے قریب کشتی الٹنے سے شکار پر جانے والے 8 افراد ڈوب گئے، چھ افراد کو بچالیا گیا، ایک لاش نکالی گئی جب کہ ایک شخص لاپتا ہے۔

افسوس ناک حادثہ کیٹی بندر کے قریب پیش آیا، جس میں 8 افراد کشتی کے الٹنے کے باعث سمندر میں ڈوب گئے۔ ڈوبنے والے افراد سمندر میں پرندوں کے شکار کے لیے کراچی سے گئے تھے۔

حادثے کا پتا چلتے ہی مقامی ماہی گیروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو زندہ بچالیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز لہروں اور خراب موسم کو قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حکام کے مطابق کشتی حادثے کے مقام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تلاش و بچاؤ آپریشن کے دوران کشتی پر سوار 6 افراد کو بچا لیا گیا ہے جب کہ ڈوبنے والے ایک شخص ظہیر احمد کی لاش نکال لی گئی ہے۔ ایک اور لاپتا شخص واحد بخش کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق کراچی اور 3 کا کیٹی بندر سے ہے۔ ریسکیو کے دوران ڈوبنے والی لانچ بھی ری کور کرلی گئی ہے۔ حادثہ ممکنہ طور پر تیز ہواؤں کے سبب پیش آیا۔ ڈوبنے والے افراد کیٹی بندر پر پرندوں اور مچھلی کا شوقیہ شکار کررہے تھے۔