بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سٹروک مینجمنٹ پروگرام، فالج کے مریضوں کیلئے صحتمند زندگی کی نوید

 

لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت فالج کے مریضوں کو صحت مند زندگی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ایک سال کے دوران پنجاب بھر میں 700 سے زائد مریض فالج کے شدید حملے کے بعد بروقت علاج معالجے کے ذریعے دوبارہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔

لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کی 70 سالہ شریفہ بی بی گزشتہ دوپہر فالج کے شدید حملے کا شکار ہوئیں، جس کے بعد جسم کا دائیں حصہ مکمل طور پر مفلوج ہو گیا تھا اور زبان و انگلیاں حرکت کرنے سے قاصر تھیں۔ شریفہ بی بی کو فالج کے حملے کے تین گھنٹے کے اندر سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچایا گیا، جہاں صوبائی سٹروک مینجمنٹ سنٹر میں فوری علاج معالجہ شروع کیا گیا۔

شریفہ بی بی کو فالج کا لوتھڑا توڑنے والے جدید ٹی این کے انجکشن لگائے گئے، جن کی مالیت 3 لاکھ روپے ہے، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہ انجکشن مریضوں کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ انجکشن لگنے کے چند گھنٹوں کے اندر شریفہ بی بی دوبارہ بولنے کے قابل ہو گئیں اور فالج متاثرہ اعضا مکمل طور پر بحال ہوئے۔ شریفہ بی بی کے بیٹے نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کو فالج سے بچانے میں ان کی بڑی مدد ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کے نتیجے میں پنجاب بھر میں 14 مراکز پر سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ لاہور میں سروسز ہسپتال، جنرل ہسپتال، میو ہسپتال، نشتر ہسپتال ملتان اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں یہ مراکز فعال ہیں۔ دیگر اضلاع جیسے راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، ڈی جی خان اور لیہ میں بھی سٹروک سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ یہ سہولیات دیگر اضلاع تک بھی وسیع کی جائیں تاکہ پنجاب کے ہر شہری کو معیاری اور مفت علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فالج کے مریض اگر چار گھنٹوں کے اندر متعلقہ ہسپتال پہنچ جائیں تو نہ صرف ان کی جان بچائی جا سکتی ہے بلکہ عمر بھر کی معذوری سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔ پنجاب کے ہر شہری کی صحت ہماری ذمہ داری ہے اور ہم علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔