اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکا کا حملہ ٹل گیا ہے، ایران پر حملے کے حالات نہیں رہے،ایران میں اتحادآیا،حکومت کی حمایت میں لوگ باہر نکلے، حملے سے جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ حاصل نہیں ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق راناثنا کا کہناتھا کہ ٹرمپ کے بیانات سے ایران کو نقصان ہوا ہو گا، صدر ٹرمپ کے بیانات سے ایرانی قوم میں جذبہ جاگ گیا، ایران تحریک میں غیرملکی عنصر،ٹرمپ کی دھمکیاں نہ ہوتیں تو زیادہ فورسز استعمال نہ کرنا پڑتیں، ایران میں لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلے، ایران میں الیکشن ہوتے ہیں،لوگوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ایران میں عقیدے،مذہب،نظریے کی بنیاد پر ایسی مزاحمت بنے گی جو خطے کو لپیٹ میں لے گی، افغانستان کا مسئلہ پوری دنیا کیلئے درد سر بنا ہوا ہے، افغانستان سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے، امریکا نے وینزویلا میں رجیم چینج کیا،ایران بڑا ملک ہے، پاکستان ایران سے بھی بڑا ملک ہے، وینزویلا،گرین لینڈ،ایران کا آپس میں مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں صلح کرنی چاہیے، جو صلح کرنے سے انکاری ہے قصور اُس کا ہے، حکومت مستحکم ہے،کسی قسم کاکوئی تھریٹ نہیں، ہم نہیں کہتے ہمیں گالیاں نہ دیں لیکن اداروں کو تو گالیاں نہ دیں، نوازشریف،آصف زرداری کے پاس اپنی جماعت کا اختیارہے،کسی اور کا نہیں، پی ٹی آئی کو سنگجانی جانے کا کہا گیا تھالیکن اس پر انہوں نے عمل نہیں کیا۔
ان کا کہناتھا کہ امریکی وفد آیا تھا وہ مایوس ہو کر گیا ہے، تالی دونوں ہاتھ سے بجے گی،ایک ہاتھ سے نہیں، وزیراعظم نے اپوزیشن کی سیٹوں پر جا کر دعوت دی، وزیراعظم شہبازشریف نے خلوص نیت سے بات کی، اسپیکرقومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے اپنی رائے دیں گے، پی ٹی آئی پہیہ جام ہڑتال کرنے کی پوزیشن میں نہیں، تحریک انصاف پشاور میں بھی پہیہ جام نہیں کر سکتی۔
پاکستانی سفیر برائے ایران محمد مدثر ٹیپو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں پاکستانی طلبا بہت زیادہ ہیں، ہمارا پاکستانی طلبا،ان کےنمائندوں سے رابطہ ہے، کچھ پاکستانی طلبا واپس جاچکے ہیں، ہم نے سفارتخانے میں ایک یونٹ کھولا ہے،24گھنٹےکام کر رہا ہے، ایران میں وائی فائی کا بلیک آؤٹ ہے جس سے مشکلات ہیں، ہماری خواتین افسران تہران کی یونیورسٹیز میں گئی ہیں،طلبا سے ملکر آئیں۔
مدثرٹیپو نے کہا کہ ایران میں غیرملکی طلبا کو ایک مہینے کی چھٹی دے دی ہے، کچھ میڈیکل کے طلبا کو وطن واپس جانےکی اجازت نہیں دی گئی، ہمارے ادارے آپس میں رابطے میں ہیں، میرا بھی تمام اداروں سے رابطہ ہے، ہمارا بارڈرز اتھارٹیز سے بھی رابطہ ہے، تجارت ہو رہی ہے،آج بھی کینوز کے 70 کنٹینرز گئے ہیں، ایران کے ذریعے ٹرانزٹ ٹریڈ بھی ہو رہی ہے، ہم روزانہ اپنے سوشل میڈیا کو بھی اپ ڈیٹ کر رہےہیں۔









