بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مصنوعی ذہانت کے فروغ کیلئے’’انڈس اے آئی ویک 2026‘‘کا اعلان

اسلام آباد: (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے آج پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے ایک اہم قومی اقدام انڈس اے آئی ویک 2026 کے انعقاد کا اعلان کیا، جو 9 سے 15 فروری 2026 تک منعقد ہوگا۔

انڈس اے آئی ویک 2026 پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کرتا ہے جو بڑے پیمانے پر مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

اس اقدام کا مقصد حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں، اسٹارٹ اپس اور وسیع تر ایکو سسٹم کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر آگاہی بڑھانا، صلاحیت سازی کرنا، ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا اور مختلف شعبوں میں عملی اطلاق کو فروغ دینا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منعقد کیا جانے والا انڈس اے آئی ویک ایک کھلا، جامع اور ہفتہ بھر پر مشتمل قومی پلیٹ فارم ہے، جو مصنوعی ذہانت کی تعلیم، تحقیق اور شمولیت کے مواقع فراہم کرے گا۔

اس میں اسلام آباد سمیت ملک بھر سے پالیسی ساز، ٹیکنالوجی ماہرین، صنعت کار، جامعات، اسٹارٹ اپس، طلبہ اور عام شہری شریک ہوں گے۔

اس ہفتے کے دوران قومی سطح پر ٹیکنالوجی نمائش، جدت اور اسٹارٹ اپ اسپاٹ لائٹس کے ذریعے سرمایہ کاروں کو کنیکٹ کرنے کے مواقع، طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے مہارتوں کی تربیت اور سرٹیفکیشن، گیمنگ اور تجرباتی اے آئی ایرینا، اور عوامی سطح پر انٹرایکٹو سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان تمام سرگرمیوں کا مقصد مصنوعی ذہانت کو عام فہم بنانا، اس تک رسائی کو وسیع کرنا اور معاشرے میں عملی سیکھنے، اپنانے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

تقریب کے اعلان کے موقع پر وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی کے اجرا کے ساتھ ہم نے ذمہ دارانہ اور جامع مصنوعی ذہانت کی ترقی کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ انڈس اے آئی ویک ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم مکالمے سے آگے بڑھ کر عملی اطلاق کی جانب بڑھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پالیسی، صنعت اور افرادی قوت کو باہم جوڑ کر یہ اقدام پاکستان کو عالمی اے آئی ایکو سسٹم میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر پیش کرتا ہے۔

شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی شراکت داروں، سرمایہ کاروں اور جدت کاروں کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے اے آئی منظرنامے سے جڑنے کی دعوت دیتے ہیں۔

انڈس اے آئی ویک کا آغاز 9 فروری کو جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں انڈس اے آئی سمٹ سے ہوگا جس کے بعد 9 اور 10 فروری کو اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں انوویشن، لرننگ اینڈ انگیجمنٹ ایرینا منعقد کی جائے گی۔

9 سے 15 فروری تک ملک بھر کی جامعات، کمپنیاں، سرکاری ادارے اور ایکو سسٹم پارٹنرز انڈس اے آئی ویک کے بینر تلے مشترکہ اے آئی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔

انڈس اے آئی ویک 2026 اس امر کی علامت ہے کہ پاکستان قومی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے ایک اہم ستون کے طور پر مصنوعی ذہانت کو اپنانے کے لیے تیار ہے۔