کراچی: (نیوزڈیسک) حکومتِ جاپان نے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس (جی جی پی) کے تحت کراچی کی محمدی ہیماٹولوجی، آنکولوجی سروسز اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کو طبی آلات فراہم کر دیے ہیں۔
طبی آلات کی حوالگی کی تقریب جمعرات، 15 جنوری 2026 کو منعقد ہوئی، جس میں جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری ماسارو، محمدی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری سید مہدی حسن رضوی اور سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی سیکریٹری ڈاکٹر درِ ناز جمال نے شرکت کی۔
اس منصوبے کے تحت جاپان میں تیار کردہ جدید ترین چار ہیماٹولوجی اینالائزرز محمدی فاؤنڈیشن کو فراہم کیے گئے ہیں، جن کی بدولت فاؤنڈیشن روزانہ تقریباً 120 خون کے نمونوں کی جانچ کرنے کے قابل ہو جائے گی۔ اس سہولت سے خون سے متعلق بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے کہا کہ یہ منصوبہ خون سے متعلق بیماریوں میں مبتلا ان مریضوں کے لیے نہایت اہم ہے جنہیں عمر بھر علاج کی ضرورت ہوتی ہے، اور بروقت تشخیص و معیاری علاج انہیں باوقار اور پُرسکون زندگی گزارنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت ثابت ہوگا۔
محمدی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری سید مہدی حسن رضوی نے جاپانی عوام اور حکومتِ جاپان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاونت پاکستان میں تھیلیسیمیا اور دیگر خون سے متعلق بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی۔
حکومتِ جاپان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی عوام کی معاونت کے لیے مقامی غیر سرکاری تنظیموں کو بروقت مدد فراہم کرتی رہے گی تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
مزید معلومات کے لیے جاپانی قونصل خانہ کراچی کے اقتصادی سیکشن سے 02135220800 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔









