اسلام آباد:(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ شبِ معراج کا بابرکت موقع پوری امت مسلمہ کےلئے روحانی بلندی، کامل ایمان اور اللہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے۔ اس مقدس رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو وہ عظیم الشان اعزاز عطا فرمایا جو انسانی فہم سے بالاتر ہے اور جو اہل ایمان کےلئے سرچشمۂ ہدایت بنا رہے گا۔
شب معراج پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ واقعۂ معراج ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ پختہ ایمان، صبر اور اطاعت کے ذریعے انسان بلند ترین اخلاقی اور روحانی درجات تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ آزمائشیں اور مشکلات عارضی ہوتی ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نصرت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شب معراج کو امت مسلمہ کو نماز کا تحفہ عطا کیا گیا جو خالق اور بندے کے درمیان براہ راست اور مسلسل تعلق قائم کرتی ہے۔ نماز محض عبادت نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، کردار سازی اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کا ذریعہ ہے جو ایک منصفانہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ شب معراج کے پیغام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائے تاکہ ہم برداشت، قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور انسانیت کےلئے ہمدردی کو فروغ دے سکیں۔ ہم میں سے ہر ایک کو ایک ایسی ریاست کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جہاں امن، صبر اور اخلاقی اقدار ہماری قومی شناخت ہوں۔
صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا اور بالخصوص امت مسلمہ کو پیچیدہ فکری، سماجی اور انسانی چیلنجز کا سامنا ہے، شب معراج اتحاد، استقامت اور امید کا پیغام دیتی ہے۔ یہ بابرکت رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مشترکہ چیلنجز سے صرف یکجہتی اور اخلاقی عزم کے ذریعے ہی نمٹا جاسکتا ہے۔
صدرمملکت نے مزید کہا کہ میں الّلہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کو امن و سلامتی، قومی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ایک مضبوط، باوقار اور فلاحی ریاست کے طور پر آگے بڑھنے کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں شبِ معراج کے پیغام کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین









