اسلام آباد:(نیوزڈیسک) کیپیٹل ٹیریٹری پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (آئی سی ٹی-پیرا) نے جمعہ، 16 جنوری 2026ء کو چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کے مسائل، خدشات، تجاویز، سفارشات اور آراء کو براہِ راست سننا تھا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے بتایا کہ پیرا اسلام آباد میں انٹرمیڈیٹ/اے لیول تک نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور ضابطہ بندی کی ذمہ دار اتھارٹی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیرا کی اولین ترجیح معیاری تعلیم کا فروغ، شفافیت کا قیام اور طلبہ و والدین کے حقوق کا تحفظ ہے۔
چیئرمین نے مزید بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کے ازالے کے لیے پیرا میں باقاعدہ شکایتی سیل فعال ہے۔ تاہم کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کو براہِ راست پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی شکایات، تجاویز اور آراء اتھارٹی کے سامنے پیش کر سکیں۔ اس طرح کے بامقصد رابطے عوامی مسائل کے مؤثر حل، سروس ڈیلیوری میں بہتری اور حکومت و عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
کھلی کچہری کے دوران اسکول انتظامیہ کے نمائندگان، والدین، طلبہ، اساتذہ اور عام شہریوں نے رجسٹریشن و تجدیدِ رجسٹریشن، فیسوں سے متعلق معاملات، اسکالرشپس، داخلوں، تعلیمی سہولیات اور تدریسی معیار سے متعلق مختلف مسائل و خدشات پیش کیے۔
چیئرمین نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شرکاء کو تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے اور موقع پر ہی شکایات کے ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
چیئرمین نے اسٹیک ہولڈرز اور والدین کو یقین دہانی کرائی کہ پیرا ایکٹ اور قواعد و ضوابط کے تحت ڈیجیٹل نظام کے فروغ اور مضبوط ریگولیٹری نفاذ کے ذریعے مکمل تعاون، سہولت اور معاونت جاری رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کھلی کچہری کو پیرا کی سرگرمیوں کا مستقل حصہ بنایا جائے گا۔
شرکاء نے اتھارٹی کی جانب سے بروقت جوابات اور مسائل کے مؤثر حل پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین پیرا کی جانب سے شفافیت کے فروغ اور عوام سے براہِ راست رابطے کے اس اقدام کو سراہا









