اسلام آباد:(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارتِ داخلہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ طلال چوہدری ہر اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ آتے ہیں اور ایوان میں اٹھائے گئے ہر سوال کا مدلل اور جامع جواب دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وزراء ایوان کی کارکردگی میں واضح اضافہ کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے بھی وزارتِ داخلہ کی جانب سے سوالات کے فصیح و بلیغ انداز میں دیے گئے جوابات کو سراہا۔
اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ اختلاف اپنی جگہ مگر طلال چوہدری کی تیاری اور دلائل قابلِ تعریف ہیں اور وہ ایوان میں ہر سوال کا تسلی بخش جواب دیتے ہیں۔
حکومتی ارکان نے بھی وزیرِ مملکت برائے داخلہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری مضبوط دلائل کے ساتھ ایوان میں آتے ہیں اور بحث کے دوران مؤثر انداز میں مؤقف پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں موجودہ دور وزارتِ داخلہ کے لیے بہترین ثابت ہو رہا ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔









