کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازا میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ پر 12 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ عمارت کا ایک اور حصہ صبح سویرے گر گیا، آگ کے نتیجے میں فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تین منزلہ عمارت میں ایک ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں، گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل گئے ہیں جبکہ بالائی دو منزلوں پر آگ لگی ہوئی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن میں پاک بحریہ کی اسنارکلز اور دو فائرٹینڈر بھی شامل ہیں۔
عمارت کے ایک حصے کا پلر گر گیا
چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب لگی اور اسے تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، آگ کی وجہ سے عمارت کے ایک حصے کا پلر گر گیا ہے، پوری عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔
گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے
سینئر فائر آفیسر عارف منصوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے، تپش زیادہ ہونےکی وجہ سے اندر داخل ہونےمیں مشکلات ہیں۔جاں بحق چار افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی ہے، دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔
فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے 2 افراد گر کر زخمی
ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے 2 افراد گر کر زخمی ہو گئے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی تعداد تقریباً 1200 ہے۔
آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند ہے۔
ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے آگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں لگی آگ میں کوتاہی سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فوری طور پر گل پلازا میں آگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ سرکاری مشینری رات سے آگ بھجانے میں مصروف ہے۔
ایس ایس پی سٹی کو آگ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ شہریوں کیلئے محفوظ راستے کیلئے متبادل ٹریفک روٹس بنائے جائیں، ایس ایس پی سٹی آگ لگنے کی وجوہات کا پتا لگائیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ عمارت میں آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستوں کو کلیئر رکھا جائے۔
رینجرز امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے جائے وقوعہ پہنچ گئی
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اہلکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کا بتانا ہے کہ امدادی آپریشن مکمل ہونے تک رینجرز کے افسران اور جوان حادثے کی جگہ موجود رہیں گے۔
فائر ٹینڈرز کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں، قیمتی املاک اور سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھی سندھ رینجرز کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آگ مصنوعی پھولوں کی دکان پر لگی تھی جو پھیلتی چلی گئی
صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کے تنویر قاسم نے کہا کہ عمارت میں 80 سے 100 کے قریب افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں تنویر قاسم نے کہا کہ عمارت سے تمام کسٹمر نکل چکے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی کسی نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف گورنر سندھ آئے اور کوئی نہیں آیا،عمارت میں 1200 دکانیں ہیں، اربوں روپے کا نقصان ہوا، آگ مصنوعی پھولوں کی دکان پر لگی تھی جو پھیلتی چلی گئی۔
جاں بحق افرادکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں آگ سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں جاں بحق افرادکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔
گورنر سندھ کی گل پلازہ آمد، امدادی کاموں کا جائزہ لیا
گورنر سندھ کامران ٹیسوری گل پلازہ پہنچ گئے، لگنے والی آگ پر اظہار تشویش کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔
گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی، آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں اور افراد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آگ پر قابو پانے اور واقع کی رپورٹ فوری طلب کرلی۔
بلاول کا آتشزدگی کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا،
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو آگ بجھانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی۔
بلاول بھٹو نے واقعے سے متعلق فوری تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کی بھی ہدایات کی۔
آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے
آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے، آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔
سی او او ریسکیو کے عمارت میں کتنے لوگ ہیں تعداد بتانا مشکل ہے،سی او او ریسکیو کے مطابق عمارت کی پچھلی جانب ایک حصہ گرا ہے۔
ٹینکر گرومندر پر ٹریفک جام میں پھنسے رہے
سی او او واٹر کارپوریشن اسد اللّٰہ خان نے کہا کہ کراچی شہر میں تعمیراتی کام کے باعث واٹر ٹینکر تاخیر سے پہنچے۔
ٹینکر گرومندر پر ٹریفک جام میں پھنسے رہے، 3 واٹر ہائیڈرنٹ کے ذریعے پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔
آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا
ترجمان ریسکیو کا کہناہے کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، عمارت میں کتنے لوگ ہیں تعداد بتانا مشکل ہے۔
گل پلازہ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے گل پلازا میں آگ لگنے کے واقعے پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ گزشتہ دیڑھ سال میں آتشزدگی کے 25 سو سے زائد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں عمارتوں میں ایسا کوئی میکنزم نہیں جس سے شہری محفوظ رہ سکیں۔
منعم ظفر نے مزید کہا کہ یہاں کمیٹیاں بنتی ہیں لیکن پھر کام نہیں ہوتا۔
پانی کی کمی کے باعث عارضی طور پر آگ بجھانے کا عمل روک دیا گیا۔
کراچی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، پانی کی کمی کے باعث عارضی طور پر آگ بجھانے کا عمل روک دیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گراؤنڈ فلورکی تمام دکانیں جل گئی ہیں، اب سے کچھ دیر پہلے آگ پر 60 فیصد تک قابو پا لیا گیا تھا، متاثرہ تاجروں نے گل پلازہ کے باہر اذان دینا شروع کردی۔








